اسلام آباد، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایک اہم 6 روزہ غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گئے، جس کے دوران وہ ترکیہ، آذربائیجان، ایران اور تاجکستان کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے روانہ ہو کر استنبول پہنچے، ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران دوست ممالک کے سربراہان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے۔
وزیراعظم بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدہ حالات کے دوران پاکستان کی حمایت کرنے پر ان ممالک کا شکریہ بھی ادا کریں گے، یہ سفارتی مہم پاکستان کی عالمی سطح پر حمایت بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 مئی کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والی بین الاقوامی "گلیشیئرز کانفرنس” میں بھی شرکت کریں گے، جس میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم 30 مئی کو اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب خطے میں جغرافیائی اور سفارتی حرکیات تیزی سے بدل رہی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دوست ممالک سے قریبی روابط کی بحالی اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے اس دورے کو کلیدی اہمیت دی جا رہی ہے۔
