وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے منصب پر ترقی ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر نے معرکہ حق میں اپنی قیادت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے دشمن کے مذموم ارادوں کو ناکام بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جنرل عاصم منیر کو ایسی بے مثال قائدانہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جنہوں نے نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں جنرل عاصم منیر کی جرات مندی، ثابت قدمی اور حکمت عملی نے مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی دفاع وطن کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جو ایک تاریخی فیصلہ ہے، وزیراعظم نے کہا کہ اس معرکے میں صرف اعلیٰ قیادت ہی نہیں بلکہ ہر سپاہی نے وطن کے دفاع میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم، بشمول اُن کے خود، جنرل عاصم منیر کی قیادت اور پاک فوج کی بہادری پر فخر محسوس کرتی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے باضابطہ طور پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی دے دی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ترقی آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن پر تاریخی فتح اور شاندار عسکری حکمت عملی کے اعتراف میں دی گئی ہے۔