کوئٹہ، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کے بعد بلوچستان کے دارالحکومت کا ہنگامی دورہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ منطقی اور فیصلہ کن انجام تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔
وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، دورے کے دوران وزیر اعظم کو خضدار سانحے، سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے اسپتال جا کر خضدار حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس نے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو بھارت کی پشت پناہی سے کی گئی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں بچوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتی ہیں، مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
سانحہ خضدار میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 53 زخمی ہوئے جن میں 8 بچوں کی حالت تشویشناک ہے، وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ بھارت کے سرپرست دہشت گرد گروہ بلوچ اور پشتون شناخت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی فوج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر متحد رہے گی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مشترکہ طور پر کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم ویسا ہی حوصلہ اور عزم دکھائے جیسا ماضی میں بھارتی جارحیت کے خلاف دکھایا تھا۔