اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے خود دیکھا کہ پاکستان نے کئی گنا بڑے دشمن کو صرف چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
بھارت کی جارحیت، پاکستانیوں کی قربانیاں
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی معصوم شہری شہید ہو گئے۔ لیکن پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
دشمن کے غرور کو راکھ میں بدل دیا
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی رافیل طیارے، جو دہلی کا فخر سمجھے جاتے تھے، اب صرف ملبہ اور عبرت کی مثال بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں اور صرف چند گھنٹوں میں دشمن کی عسکری برتری کا طلسم توڑ دیا۔
افواج پاکستان کا ناقابلِ فراموش کردار
وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپاہیوں نے نہ صرف دشمن کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا بلکہ عسکری تاریخ میں ایک سنہرا باب بھی رقم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔
صدر مملکت کا بیان: "یہ کامیابی پوری قوم کی ہے”
صدر آصف علی زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے۔ انہوں نے سپاہیوں کے حوصلے، عزم اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے بھرپور اتحاد اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
"پاکستان پُرامن ہے، مگر خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں”
صدر مملکت نے عالمی برادری کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اگر ہماری خودمختاری یا جغرافیائی سالمیت پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع ہر سطح پر کرے گا۔
قوم کا عہد: "ہم اپنی افواج کے ساتھ ہیں”
صدر زرداری نے آخر میں کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ قوم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہے گی۔