اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) (PML-N) کے درمیان جاری تناؤ اور ایک دوسرے پر تنقید کے معاملے کو ختم کرنے کے لیے ایک اہم ملاقات طے پا گئی ہے، جو آج دفتر خارجہ میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کا وفد پہلے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گا، جس کے بعد ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ وزیر اعظم سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات کا مقصد باہمی اختلافات کا خاتمہ اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر اتفاق رائے قائم کرنا ہے۔
پیپلز پارٹی نے اس ملاقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا ہے، جس میں راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نیئر بخاری اور ندیم افضل چن شامل ہیں۔ ملاقات میں پنجاب سے متعلق پیپلز پارٹی کے تحفظات اور بلدیاتی انتخابات پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی تقریر میں بلاواسطہ طور پر پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کی تھی، جس کے ردعمل میں سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پنجاب حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اس کشیدگی کے پیشِ نظر صدر آصف علی زرداری نے معاملے کو سلجھانے کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹاسک سونپا تھا، جنہوں نے بعد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ن لیگ کے وفد نے نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں تناؤ کم کرنے اور بات چیت سے مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔
اب دفتر خارجہ میں ہونے والی آج کی ملاقات اس سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے کی ایک بڑی کوشش سمجھی جا رہی ہے، جس کے نتائج ملکی سیاست پر اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔