بدھ, 4 جون , 2025

پی پی 52 ضمنی الیکشن: لیگی رہنما حنا ارشد وڑائچ کامیاب، پی ٹی آئی کا دھاندلی کا الزام

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی، جبکہ پی ٹی آئی امیدوار فاخر نشاط نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

latest urdu news

سیالکوٹ: حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخابات 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ریٹرننگ افسر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ حاصل کیے۔

ان کے مدِمقابل پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن نے 39,018 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6,832 ووٹ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تحریک لبیک پاکستان کے محمد شفاقت کو 4,851 ووٹ ملے۔

یہ نشست چوہدری ارشد وڑائچ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ کامیابی پر حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے والد کے نام کیا۔ ان کی رہائشگاہ پر لیگی کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا، بھنگڑے ڈالے گئے اور آتش بازی کی گئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی امیدوار فاخر نشاط گھمن نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی فارم 45 تیار کر لیے گئے تھے۔ اس بار "طریقہ واردات” مختلف تھا اور فارم 45 من پسند انداز میں بھرے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ثبوت موجود ہیں تو فراہم کیے جائیں۔ بصورت دیگر جھوٹے الزامات لگانے پر قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز بند کیے جانے کے الزام کو بھی من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پی پی 52 سمبڑیال کی یہ نشست مسلم لیگ ن کا روایتی گڑھ رہی ہے، اور حالیہ انتخاب میں بھی لیگی امیدوار کو بھاری مارجن سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے الزامات اور نتائج کے بائیکاٹ کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter