بجلی کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت، ترسیل اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں پائیدار بہتری کے لیے جامع اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نظام میں نجکاری کے ذریعے مسابقت پر مبنی مارکیٹ کا قیام ہی ملک کے دیرینہ توانائی مسائل کا مستقل حل ہے۔

latest urdu news

یہ ہدایات وزیراعظم نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں جاری اصلاحات اور نجکاری کے مختلف مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر شفافیت، کارکردگی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو مؤثر اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لائن لاسز اور تکنیکی خرابیوں میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، جس سے نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

ایل این جی کارگوز کی منتقلی کا منصوبہ منظور، زرمبادلہ میں 1 ارب ڈالر کی بچت متوقع

اجلاس میں وزیراعظم نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے قیام پر بھی زور دیا اور ہدایت کی کہ اس منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبے کی شمولیت سے کام کا آغاز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام سے بجلی کی دستیابی میں استحکام آئے گا اور مستقبل کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، آئیسکو اور گیپکو کی نجکاری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور اس ضمن میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلد شائع کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے تمام مراحل شفاف، مسابقتی اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو سستی اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter