مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے کارٹل بنا کر قیمتیں بڑھانے کے الزام پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر کروڑوں روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
کمیشن کے مطابق پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتیں بڑھانے کے لیے گٹھ جوڑ کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے۔ اس فیصلے کے بعد کمپیٹیشن ٹریبونل نے کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا اور پولٹری ایسوسی ایشن کو ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پولٹری ایسوسی ایشن کی درخواست پر جرمانے کی رقم پانچ کروڑ روپے سے کم کر کے ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ کمیشن نے ایسوسی ایشن کو حکم دیا ہے کہ وہ 15 دن کے اندر جرمانہ جمع کرائے۔
کمپیٹیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پولٹری ایسوسی ایشن نے مارکیٹ میں قیمتوں کو بڑھانے کے لیے اشتراک کیا اور صارفین کے مفاد کے خلاف کارروائی کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کمپٹیشن کمیشن نے پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتوں میں گٹھ جوڑ کے الزام میں جرمانہ عائد کیا تھا۔ کمیشن کا مقصد مارکیٹ میں شفافیت قائم رکھنا اور صارفین کو قیمتوں میں اضافے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
!صرف 100 مرغیوں سے ایک شخص کروڑ پتی بن گیا
اس فیصلے کے بعد پولٹری ایسوسی ایشن کے تمام اراکین کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں قیمتوں کے تعین میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی تعاون سے گریز کریں اور کمیشن کے ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔
کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ صارفین کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کو مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے اور صارفین کے مفاد کے تحفظ کی سمت میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
