لاہور، انسداد دہشتگردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے مزید مہلت کی پولیس درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران لاہور پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث نہ تفتیش مکمل ہو سکی اور نہ ہی مطلوبہ ٹیسٹ کیے جا سکے۔
ڈی ایس پی جاوید آصف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم پولیس سے تعاون نہیں کر رہا، جبکہ تفتیش کو مکمل کرنے کے لیے ان دونوں ٹیسٹوں کا ہونا ناگزیر ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو یاد دلایا کہ پولیس کو پہلے ہی 26 دن کی مہلت دی جا چکی ہے، اس لیے اب مزید مہلت نہ دی جائے، وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پولیس ٹیسٹ نہیں کروا سکی تو اس کی مزید مہلت کا کوئی جواز نہیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ کوئی عام ملزم ہوتا تو اب تک ٹیسٹ ہو چکا ہوتا، تاہم موجودہ ملزم اڈیالہ جیل میں ہے اور پولیس کی حراست میں نہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزم کے انکار کے باعث پولیس مجبور ہے، اس صورتحال میں فیصلہ محفوظ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مختلف مقدمات میں تفتیش کے دوران پولی گراف اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ثبوتوں کو مضبوط کیا جا سکے، تاہم ملزم کے تعاون نہ کرنے کے باعث تفتیش تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔