سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہیں، ایاز صادق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایاز صادق: جنہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا، آج ان کا کوئی نام لینے والا نہیں

لاہور — اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین آج مکافاتِ عمل کا شکار ہیں۔ وہی لوگ جو ماضی میں ہماری قیادت کا مذاق اُڑاتے تھے اور اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کرتے تھے، آج خود تنہائی اور انجام کا سامنا کر رہے ہیں۔ لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا، جس کا مقصد صرف ملک کی ترقی کو روکنا تھا، لیکن عوام نے ہمیشہ حقائق کو پہچانا۔

latest urdu news

ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ 2017 سے 2023 تک پاکستان ترقی کے بجائے مسلسل تنزلی کا شکار رہا۔ ملک کی معیشت کو جن ہاتھوں میں دیا گیا، انہوں نے اسے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جو فرعون بن کر عدالتی منصب پر بیٹھا تھا، آج اس کا کوئی نام تک نہیں لیتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات ملک کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں اور موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی، جس سے پاکستان کی عالمی ساکھ مجروح ہوئی، لیکن ن لیگ کی قیادت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

تحریک انصاف کے اجلاس سے لاعلم، عالیہ حمزہ کا پارٹی قیادت پر طنز

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے دوران بیگم کلثوم نواز کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی، لیکن اللہ کا نظام حرکت میں آیا اور آج وہی زبان استعمال کرنے والے عبرت کی مثال بن چکے ہیں۔

بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن افواجِ پاکستان اور قوم نے متحد ہو کر بھرپور جواب دیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

یاد رہے کہ ایاز صادق ماضی میں بھی نواز شریف حکومت کے خاتمے کو سازش قرار دے چکے ہیں، اور موجودہ سیاسی منظرنامے میں وہ مسلسل عمران خان اور عدلیہ پر تنقید کرتے آ رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter