کراچی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) گلبرگ ڈویژن نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک حاضر سروس پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار اہلکار کی شناخت وریام خان ولد دینو مگسی کے نام سے ہوئی ہے، جو گلشن اقبال تھانے میں تعینات تھا۔
اے وی ایل سی کے ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، اسلحہ اور ماسٹر چابی برآمد کی گئی ہے، جو وہ موٹر سائیکلوں کے تالے کھولنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وریام خان موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ملوث رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وریام خان کی دو مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے، جن میں اسے موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں ملزم کو مہارت سے تالا توڑ کر موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ اہلکار ماضی میں ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے، جبکہ اب تک مختلف تھانوں میں اس کے خلاف 7 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ مزید یہ کہ وہ چوری شدہ موٹر سائیکلیں منشیات فروشوں کو فروخت کرتا تھا، جو ان کا مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے۔
ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے ذریعے موٹر سائیکل چوری کے ایک بڑے گروہ کا سراغ مل سکتا ہے۔ واقعہ نے پولیس کے اندر موجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔