صدر بیرونی کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ڈکیت گینگ کے چار کارندے ہلاک ہو گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق کچھ دیر قبل ڈکیتوں نے ایک شہری سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھینی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کی اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔ اسی دوران جب پولیس نے گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پر فائرنگ کر دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جبکہ جس گاڑی میں وہ سوار تھے وہ بھی اسلام آباد سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔
مریدکے میں سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، 5 ڈاکو ہلاک
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو ایک منظم ڈکیت گینگ کا حصہ تھے اور ان پر چند روز قبل صدر بیرونی کے علاقے میں ایک تاجر کو قتل کرنے کا الزام بھی تھا۔ اس واقعے کے بعد پولیس ملزمان کی تلاش میں سرگرم تھی اور انہیں انتہائی خطرناک قرار دیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ڈاکو راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں قتل، ڈکیتی، کار چھیننے اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گینگ طویل عرصے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھا۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل مکمل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جبکہ شہریوں نے بھی پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
