پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کو سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
یہ اعلان پارٹی کی سینئر رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب نے کیا، جنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ: "مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے رانا ثنااللہ خان کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔”
یہ نشست تحریک انصاف کے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس پر ضمنی انتخاب 9 ستمبر 2025 کو ہو گا۔
رانا ثنااللہ، جو پارٹی کے مضبوط اور دیرینہ رہنما ہیں، پہلے بھی قومی اسمبلی کے رکن اور وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔ ان کی سینیٹ میں آمد سے پارٹی کو ایوان بالا میں مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
اعجاز چوہدری کو الیکشن کمیشن نے اثاثے چھپانے اور قواعد کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپنی اکثریت کی بنیاد پر رانا ثنااللہ کو سینیٹ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔