اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج سے امریکا کا اہم دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ 6 اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے اور 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی طے پا گئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کو دستیاب وزیراعظم کی نیویارک میں مصروفیات کے شیڈول کے مطابق، وزیراعظم منگل 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات اسلامی ممالک کے وفد کے ساتھ ہوگی، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور مصر کے رہنما شریک ہوں گے۔
جمعہ 26 ستمبر کو وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، ان سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کی آج پیر کو مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر کانفرنس میں شرکت متوقع ہے۔
منگل کے روز وزیراعظم سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے مہمان سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ ان کی آسٹریا کے چانسلر کرسٹین اسٹاکر، قطر کے ولی عہد و وزیراعظم شیخ صباح الخالد، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا سدونائیکے سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
اسی روز وزیراعظم چینی وزیراعظم کی سربراہی میں بین الاقوامی ترقیاتی اجلاس، امریکی صدر کے استقبالیے اور فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے سلامتی کونسل کی بریفنگ میں بھی شریک ہوں گے۔
مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہوسکتے: وزیر اعظم شہباز شریف
بدھ کو وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات متوقع ہے، اسی روز وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی زیرِ صدارت ماحولیاتی مسائل پر اجلاس اور کورین صدر کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مباحثے میں بھی شریک ہوں گے۔
جمعرات کو وزیراعظم نوجوانوں کے عالمی پروگرام کی تیسویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے، جبکہ جمعہ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے بھی ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں چین، اٹلی اور کینیڈا کے وزرائے اعظم، ایرانی صدر، امیر قطر، یورپی یونین اور عالمی بینک کے صدور اور ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جو فی الحال شیڈول نہیں ہوئیں۔