اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد اور امن حکومت کی اولین ترجیح ہیں، کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
پرائم منسٹر آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے مذاکراتی عمل کی کامیابی اور فریقین کے درمیان معاہدے کو بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ "الحمدللہ سازشیں اور افواہیں دم توڑ گئیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے۔” انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین کا بھی شکریہ ادا کیا اور امن کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے، ان کے حقوق کی محافظ تھی اور آئندہ بھی ان کے تحفظ کے لیے کوشاں رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں اور امن و استحکام کے عمل کو مضبوط بنائیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزاد کشمیر کی خدمت جاری رکھے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔