کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے سرنگوں نہیں ہوئے، پاکستان ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا: وزیراعظم شہباز شریف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و جبر کے باوجود کبھی سر جھکایا نہیں، اور پاکستان ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

latest urdu news

وزیراعظم نے جدوجہدِ آزادی کشمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 نومبر 1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارتی افواج اور انتہا پسند گروہوں نے دو لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بہیمانہ تشدد اور قتلِ عام کا نشانہ بنایا، تاکہ خطے کی آبادیاتی ساخت کو بدل کر مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت آج بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کی تازہ مثال 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات ہیں، جب مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ “کشمیر کے عوام نے دہائیوں پر محیط ظلم کے باوجود اپنی آزادی کی جدوجہد ترک نہیں کی۔ آج کا دن اُن کی بہادری، قربانی اور عزمِ آزادی کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر اعادہ کیا کہ پاکستان کا اصولی مؤقف واضح ہے — مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter