ابو ظبی کے حکمران کی دعوت پر دورہ، اعلیٰ سطحی وفد ہمراہ، یو اے ای قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ اسلام آباد سے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ روانہ ہوئے، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظبی کے فرماں روا شیخ محمد بن زید النہیان کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں، جس دوران وہ یو اے ای کی قیادت سے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، سرمایہ کاری، تجارتی شراکت داری اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس دورے کو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کے تسلسل اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ کی ایک اور اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 17 سے 19 جون تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ کانفرنس مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل پر مرکوز ہوگی، جہاں اسحاق ڈار بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات، پاکستان کا دیرینہ دوست اور اہم تجارتی و معاشی شراکت دار ہے، اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں خاصی وسعت آئی ہے۔