نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، آئی ٹی، اے آئی اور کرپٹو کرنسی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے تجارت اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاک امریکہ تجارتی معاہدے دونوں ممالک کے مفادات کے تحت ہوں گے۔
شہباز شریف نے 6 سے 10 مئی کے دوران پاکستانی افواج کی بہادری کو بھی سراہا اور کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہندوستان کو شکست دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستان نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور جنگ بندی ایک دانشمندانہ فیصلہ تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو “امن کا علمبردار” قرار دے دیا
انہوں نے اپنے حالیہ سعودی عرب کے دورے کا بھی ذکر کیا جہاں انہیں غیر معمولی استقبال ملا، جو گزشتہ 40 سالوں میں نہ دیکھنے کو ملا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ مہنگائی اب سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ بھی تقریباً نصف ہو گیا ہے۔
انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کے عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالی سال 24-25 میں 38.5 ارب ڈالر رقوم بھیجی ہیں، جو معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔