امریکا سے تاریخی تجارتی ڈیل پر وزیراعظم شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو شکریہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک-امریکا تجارتی معاہدے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، معاہدہ دو طرفہ تعلقات میں پائیدار شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

latest urdu news

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ وہ صدر ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ڈیل میں قائدانہ کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس معاہدے کو پاک-امریکا تعاون کی مضبوطی اور مستقبل کی پائیدار شراکت داری کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا، انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے معاشی مفادات کو تحفظ دے گا اور باہمی روابط میں نئے امکانات پیدا کرے گا۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا: "الحمدللہ! پاکستان کی امریکا کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے”، جو ملکی سفارتی محاذ پر ایک بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان سے ٹریڈ ڈیل مکمل، امریکا پاکستان کیساتھ ملکر تیل تلاش کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اس معاہدے پر طویل اور مسلسل مذاکرات کے بعد دستخط ہوئے، انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت پاکستان سے امریکا برآمد کی جانے والی مصنوعات پر عائد ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جو پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک بڑا معاشی ریلیف ثابت ہوگا۔

بلال اظہر کیانی نے اس ڈیل کو پاکستان کی معاشی پالیسی کے لیے بڑی خوش آئند پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس سے صنعتی شعبے، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو ازسرِ نو ترتیب دینے کے لیے مذاکرات جاری تھے۔ اس دوران کئی امریکی وفود نے پاکستان کا دورہ بھی کیا، اور کئی اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ اس تاریخی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان نئے اقتصادی باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter