وزیراعظم شہباز شریف چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ 4 ستمبر تک مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور تقریبات میں شرکت کریں گے۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاک چین دوطرفہ تعاون، سی پیک فیز ٹو کی پیشرفت، اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم بیجنگ میں منعقد ہونے والی عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے، جس میں عالمی رہنما بھی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم ممتاز چینی کاروباری شخصیات اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات کریں گے تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ وہ بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
حکام کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر روابط کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع بنانا ہے۔ چین اور پاکستان اس بات پر متفق ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت جاری رکھیں گے۔