وزیراعظم شہباز شریف کی سیلابی صورتحال پر ہنگامی ہدایات

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کے دو نئے سپیل کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور گلیشیئر جھیل پھٹنے کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

latest urdu news

وزیراعظم نے غذر میں گلوف سے پیدا شدہ خطرے کے پیش نظر خصوصی اقدامات کی منظوری دی اور وہاں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں کردار ادا کرنے والے ریسکیو ٹیموں اور مقامی رضاکاروں کو سراہا۔

شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بلاتعطل جاری رکھے جائیں اور بارشوں کے دو نئے سلسلوں کے پیش نظر تیاریوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زیریں علاقوں میں سیلاب کے خدشے کے باعث حفاظتی اقدامات کو ہر

حال میں یقینی بنایا جائے جبکہ ندی نالوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں کے گرد غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے قومی سطح پر مہم بھی شروع کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی فوری امداد اور ریسکیو کے بعد بحالی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا اور طبی سہولیات و بنیادی امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا: سیلاب سے 493 کلومیٹر سڑکیں اور 32 پل تباہ، بحالی کے لیے 9 ارب روپے درکار

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے غذر کے مقامی نوجوان وصیت خان کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے گلوف کے خطرے کی بروقت اطلاع دے کر گاؤں کے درجنوں خاندانوں کی جانیں بچائیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور گلوف کے واقعات کے باعث درجنوں دیہات متاثر ہوئے ہیں، جہاں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter