شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجٹ عوام دوست ہے، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ملا، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ 2025-26 میں عام آدمی پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور یہ بجٹ عوامی ریلیف اور معیشت کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاروں کے حکومت پر اعتماد اور عوام دوست بجٹ کی قبولیت کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی کے باعث نوکری پیشہ طبقے کو براہِ راست ریلیف دیا گیا ہے، اور اس سے عام شہری کی زندگی میں بہتری آئے گی۔ ملک میں معاشی استحکام کے آثار واضح ہو رہے ہیں، مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو حکومت کی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچا کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا کسی معجزے سے کم نہیں، اور اس کامیابی کا سہرا پوری قوم کی قربانیوں اور اجتماعی محنت کو جاتا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لانے کے لیے مزید سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
یاد رہے کہ وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد حکومت کو اپوزیشن اور تنخواہ دار طبقے سے ملا جلا ردعمل ملا تھا، تاہم حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ یہ بجٹ مالیاتی نظم و ضبط، معاشی بحالی اور عوامی ریلیف کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔