وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے اور اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ کے حالات بالکل مختلف ہوتے۔
گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پورے پاکستان میں ن لیگ کا پرچم بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا، اور بطور وزیراعلیٰ و وزیراعظم نواز شریف نے جو ترقیاتی کام انجام دیے، وہ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم نے شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے شہر میں جو منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحفہ دیا ہے، اس سے پوری ضلع کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی۔ بچے وقت پر اسکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں پہنچیں گے اور وکلا عدالتوں میں وقت پر کام کر سکیں گے۔ یوں یہ منصوبہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
پاکستان کو قرضوں کے چکر سے نکالنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
شہباز شریف نے لاہور میں دل کے امراض کے پہلے اسپتال کی تعمیر اور عام آدمی کے لیے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ملک کی خوشحالی اور عوام کی خدمت کے لیے نمایاں اقدامات کیے۔ انہوں نے پھر زور دے کر کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے، جو ملک کے دفاع اور عالمی اہمیت کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے شہری سہولتوں کے حوالے سے لاہور میں اسموگ میں کمی کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس میں مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ترقیاتی کام اتنے واضح ہیں کہ کوئی انہیں چھپا نہیں سکتا، اور حتیٰ کہ مخالفین کو بھی ان کامیابیوں کا اقرار کرنا پڑے گا۔
