باکو: وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے دورے کے دوران ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور آذربائیجان کے صدر بھی شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور مسلم دنیا میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور ترکیے کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ ترکیے کے ایک اعلیٰ وزارتی وفد کے جلد پاکستان کے دورے پر آنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک-ترکیے دوستی تاریخی اور برادرانہ رشتے کی عکاسی کرتی ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے ترک صدر کو پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
