اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں مستقل جنگ بندی سے متعلق معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام نے برسوں پر محیط ناقابلِ بیان مصائب برداشت کیے، اور یہ معاہدہ نہ صرف غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کی نوید ہے بلکہ پورے خطے میں امن کی امید بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جسے عالمی برادری کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذاکرات کے عمل میں عالمی امن کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنماؤں کی بھی تعریف کی جنہوں نے معاہدے کے لیے انتھک کوششیں کیں۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دنیا کو یہ سبق سکھاتا ہے کہ ایسی تکلیف دہ اور انسانیت سوز صورتحال کو دوبارہ پیدا نہیں ہونے دینا چاہیے۔
غزہ جنگ بندی: اسرائیل کو حماس کا جواب موصول، معاہدے کا جائزہ جاری
انہوں نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیز واقعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض افواج اور غیر قانونی آبادکاروں کو جواب دہ بنائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات جو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں، ان پر فوری طور پر روک لگائی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن، سلامتی اور وقار کے لیے کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تسلیم کیا جائے تاکہ ان کی خودمختاری اور عزت کو یقینی بنایا جا سکے۔