وزیراعظم نے پیر کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکی دورے پر بریفنگ اور ایران کی حمایت سے متعلق بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا ایک انتہائی اہم اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا جس کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سول و عسکری قیادت شریک ہوگی جن میں وزیرِ دفاع، وزیرِ داخلہ، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ، وزیرِ خزانہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران شامل ہیں۔ اجلاس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اپنے حالیہ دورۂ امریکا کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کریں گے اور امریکا کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقاتوں پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی، امریکی مداخلت اور اس کے علاقائی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایران کے ساتھ سفارتی یکجہتی اور ممکنہ حمایت پر بھی مشاورت ہوگی جبکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ملکی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے سیکیورٹی ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پاکستان کی سیکیورٹی، سفارت کاری اور معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی قیادت نے فوری طور پر اعلیٰ سطح پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔