وزیراعظم شہباز شریف کا نواز شریف سے ہنگامی رابطہ، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس پر مشاورت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران پر امریکی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے رابطہ کیا، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس اور ایران کی بلا مشروط حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد پارٹی قائد نواز شریف سے ہنگامی رابطہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال اور پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

latest urdu news

وزیراعظم نے نواز شریف کو موجودہ سفارتی، سیاسی اور سیکیورٹی حالات پر بریفنگ دی اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ مشاورت کے بعد وزیراعظم نے ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے نہ صرف امریکی حملے کی شدید مذمت کی بلکہ ایران کی جوہری تنصیبات کے دفاع کے حق کو تسلیم کرنے کا اعادہ بھی کیا۔

نواز شریف نے مشورہ دیا کہ پاکستان کو ایران کی بلا مشروط سفارتی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اپنی سفارتی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن کا خواہاں ہے اور تمام مسلم ممالک کو اس نازک وقت میں اتحاد اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی افواج اور دفاعی ادارے ہر ممکن چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے پر بھی مشاورت کی، جس میں ممکنہ اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت میں مسلسل رابطے جاری ہیں تاکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر مؤقف اختیار کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھی جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter