وزیراعظم شہباز شریف نے 79ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح کو قومی فخر اور جشن آزادی کی خوشیوں میں اضافہ قرار دیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو 79ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح نے جشن آزادی کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے اور پاکستانی قوم کے دلوں میں نئی امنگ اور جذبہ پیدا کیا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان 78 برس کا شاندار سفر مکمل کر چکا ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ محمد اقبالؒ اور تحریک آزادی کے رہنماؤں و کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا جن کی جدوجہد سے ایک الگ نظریاتی ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آزمائشوں سے بھرے سفر کے باوجود معیشت، دفاع، کھیل اور آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران ہونے والی بھارت کی مسلط کردہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی عسکری مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کو چند گھنٹوں میں شکست دے کر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ہم آزادی کی ٹھنڈی چھاؤں میں جی رہے ہیں، اور ہم ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔