وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر خیبر پختونخوا کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ دونوں اعلیٰ شخصیات نے دورے کا آغاز سوات سے کیا، جہاں ان کا استقبال وفاقی وزیر امیر مقام نے کیا۔
حکام کے مطابق، سوات کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بونیر کا رخ کریں گے، جو اس تباہ کن سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 350 سے زائد اموات ہو چکی ہیں، جن میں 228 افراد کا تعلق بونیر سے ہے۔
دورے کا مقصد متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات کا جائزہ لینا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امدادی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ادارے کے مطابق، آج باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو بڑی امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں جن میں خیمے، کمبل، راشن بیگز، ادویات، ڈی واٹرنگ پمپس اور جنریٹرز شامل ہیں۔
صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ امدادی سامان متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ اسے منظم طریقے سے متاثرین میں تقسیم کیا جا سکے۔ امدادی سرگرمیوں میں مسلح افواج اور مختلف فلاحی تنظیمیں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔