منگل, 3 جون , 2025

وزیراعظم شہباز شریف کا ایف بی آر میں اصلاحات تیز کرنے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ایف بی آر اصلاحات، شفافیت، اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر غور، عالمی کمپنیوں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت۔

latest urdu news

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی تاریخی فتح کے بعد اب پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایف بی آر میں جاری اصلاحات، شفافیت کو یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں سے ایف بی آر اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی ہدایت کی تاکہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے، انہوں نے بتایا کہ تمام ریاستی ادارے کرپشن کے انسداد اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہیں اور حالیہ معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہیں۔

شہباز شریف نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کی بدولت کسٹمز کلیئرنس کا وقت کم ہوا ہے، شفافیت بڑھی ہے اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر خودمختار اور عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے ان اصلاحات کو ہر سطح پر نافذ کیا جا رہا ہے۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال میں 725 ارب روپے کی محصولی حد عبور کر لی ہے، جو اصلاحات کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں۔

اجلاس میں پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی، جہاں بتایا گیا کہ صارف دوست ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام جلد اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ عام شہریوں کے لیے ٹیکس دینا آسان بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف حکومت نے اپنے گزشتہ دور میں بھی ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو ترجیح دی تھی، جس میں ٹیکس نظام میں شفافیت، ٹیکنالوجی کا انضمام اور غیر ضروری انسانی مداخلت کم کرنے جیسے اہم اقدامات شامل تھے۔ ایف بی آر میں فیس لیس نظام کی بنیاد 2022 میں رکھی گئی تھی جسے اب مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter