سیلاب سے متاثر ہونے والے آخری شخص کی گھر واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم کا قوم سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کردیا۔
قوم سے اپنے مختصر اور اہم بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا پورا اندازہ ہے، بجلی کے بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کوئی احسان نہیں بلکہ یہ سیلاب متاثرین کا حق ہے۔ جن گھریلو صارفین نے اگست کے بل ادا کر دیے ہیں انہیں یہ رقم اگلے ماہ کے بل میں واپس کر دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں زرعی، کمرشل اور صنعتی شعبوں سے وابستہ بجلی کے بلوں کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ ان کی وصولی فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔
آرمی چیف کا فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ، متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
شہباز شریف نے کہا کہ اگر ان شعبوں کا تخمینہ زیادہ نکلتا ہے تو حکومت مزید ریلیف دینے کے اقدامات کرے گی۔ متعلقہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تباہی اور نقصانات کے باعث لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ اس صورت حال میں یہ اقدام ایک چھوٹی سی کوشش ہے جو متاثرین کی پریشانی کم کرنے کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کی دوبارہ آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے۔