وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس، بجٹ اہداف کا جائزہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جاری، نئے مالی سال کے بجٹ اہداف، ترقیاتی منصوبے اور میکرو اکنامک حکمت عملی زیر غور۔

latest urdu news

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف کی منظوری دی جا رہی ہے۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہو رہا ہے جہاں تمام چاروں صوبوں کی قیادت اور وفاقی نمائندے شریک ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک ہیں۔ تمام وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں کی ترقیاتی ترجیحات اور منصوبوں سے متعلق تجاویز پیش کر رہے ہیں۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاق اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے بجٹ کی تیاری اور معیشت کی مجموعی سمت پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں، اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، اور میکرو اکنامک اہداف کا جائزہ لیا جا رہا ہے،اسی کے ساتھ ہی زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کے لیے آئندہ مالی سال کے اہداف کی منظوری بھی دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسی تناظر میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ اہداف پر مکمل اتفاق نہیں ہو سکا، جس کے اثرات آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تشکیل پر پڑ سکتے ہیں۔

اجلاس کا مقصد تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے متوازن اور ترقیاتی بجٹ کی تیاری کو یقینی بنانا ہے تاکہ ملک کی معیشت کو استحکام دیا جا سکے۔

یاد رہے کہ قومی اقتصادی کونسل ملک کے بجٹ اور ترقیاتی اہداف کے تعین کے لیے سب سے اہم فورم ہے جو آئین کے آرٹیکل 156 کے تحت قائم ہے، اور اس کی منظوری کے بغیر وفاقی بجٹ کا فریم ورک مکمل نہیں ہو سکتا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter