سیالکوٹ، وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت اہل حدیث کے امیر اور سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سیالکوٹ میں پروفیسر ساجد میر کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ وفاقی وزرا احسن اقبال اور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر ایک مدبر سیاستدان اور ممتاز دینی اسکالر تھے، جن کی وفات سے ملکی سیاست اور دینی حلقوں میں ایک نمایاں خلا پیدا ہو گیا ہے، جسے پُر کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے ہمیشہ انتہاپسندی، فرقہ واریت اور نفرت انگیزی کے خلاف آواز بلند کی، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم ساجد میر کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف مرحوم چودھری ارشد وڑائچ کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی، مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔