چوبرجی چوک میں کھڑے پی آئی اے کے طیارے کی تزئین و آرائش کا آغاز، 14 اگست تک مکمل ہونے کا امکان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے لاہور کے مشہور چوبرجی چوک میں عرصہ دراز سے کھڑے اپنے گراؤنڈڈ طیارے کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ بحالی کا یہ عمل یومِ آزادی 14 اگست 2025 تک مکمل کیا جائے گا، تاکہ عوام بالخصوص بچے نئے طیارے کی سیر کا لطف اٹھا سکیں۔

latest urdu news

یہ طیارہ 1980 کی دہائی میں گراؤنڈ کیا گیا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی اصل چمک کھو بیٹھا تھا۔ اورنج لائن میٹرو ٹریک کی تعمیر کے دوران اس پر گرد کی تہیں بھی جم چکی تھیں۔ اب اسے دوبارہ بحال کرنے کا کام پی آئی اے کے ڈی جی ایم مارکیٹنگ اطہر حسن اعوان کی نگرانی میں جاری ہے۔

طیارے کو نئے رنگ و روغن، جدید نشستوں اور بہتر انٹیریئر کے ساتھ دوبارہ عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ کاک پٹ کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے تاکہ بچے اسے دیکھ کر ہوابازی میں دلچسپی لیں۔ اس کے ساتھ موجود سیارہ گاہ (پلانیٹوریم) میں روزانہ بچوں کے لیے سورج، چاند اور ستاروں سے متعلق تعلیمی شوز بھی دکھائے جائیں گے۔

طیارے اور سیارہ گاہ کی سیر کے لیے بچوں کی ٹکٹ 100 روپے اور بڑوں کی 150 روپے رکھی گئی ہے، تاکہ ہر طبقے کے لوگ اس تفریحی اور تعلیمی تجربے کا حصہ بن سکیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، اس سے قبل کراچی میں بھی ایک گراؤنڈڈ طیارہ بحال کیا جا چکا ہے، جبکہ پشاور میں موجود طیارے کو بھی جلد اسی طرز پر اصل شکل میں بحال کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ نہ صرف پی آئی اے کی ری برینڈنگ حکمت عملی کا حصہ ہے بلکہ عوامی شعور، قومی ورثے کی بحالی اور تعلیمی تفریح کے فروغ کی ایک مثبت کوشش بھی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter