کراچی سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر قومی و نجی ایئر لائنز کی درجنوں پروازیں منسوخی اور تاخیر کا شکار ہو گئیں، جس کی بنیادی وجہ پی آئی اے کے ایک طیارے کا خراب ہونا اور دیگر انتظامی مسائل قرار دیے جا رہے ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پی آئی اے کا ایک طیارہ خراب ہونے کے باعث کراچی سے روانہ ہونے والی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ان میں کراچی سے دبئی جانے والی دو پروازیں بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ لاہور سے دبئی اور اسلام آباد سے ابوظبی کی دو پروازیں بھی منسوخی کی زد میں آئیں۔
پشاور سے روانہ ہونے والی دبئی اور ابوظبی کی تین پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔ فلائٹ شیڈول میں تاخیر کی صورت حال بھی شدید رہی، کراچی کی 4 اور اسلام آباد کی 16 پروازیں 1 سے 12 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ اسلام آباد سے کوالالمپور جانے والی پرواز میں 12 گھنٹے کی تاخیر دیکھی گئی۔
مزید تاخیر کا سامنا پشاور سے شارجہ، دبئی، ریاض اور جدہ جانے والی چار پروازوں کو ہوا جن میں ایک سے آٹھ گھنٹے تک کی تاخیر رپورٹ ہوئی۔ اسلام آباد سے اسکردو جانے والی چار پروازیں بھی تین سے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے متاثر ہوئیں۔
علاوہ ازیں، لاہور کی 14 اور کراچی کی 6 پروازوں میں ایک سے چھ گھنٹے کی تاخیر دیکھنے میں آئی، جبکہ جدہ سے کراچی آنے والی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز بھی 10 گھنٹے لیٹ ہوئی۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق انتظامی معاملات میں بہتری لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم بار بار ہونے والی تاخیر اور منسوخیاں مسافروں کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن رہی ہیں۔