3
پشاور، ضلعی انتظامیہ نے سیٹھی ٹاؤن کے ایک مکان پر چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں سرکاری اسپتالوں کی ادویات برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کی قیادت میں محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹرز کے ہمراہ کی گئی، جس میں مکان کو سیل بھی کر دیا گیا۔ برآمد شدہ ادویات مختلف سرکاری اسپتالوں کے لیے مخصوص تھیں، لیکن غیر قانونی طور پر ذخیرہ کر کے فروخت کے لیے تیار کی جا رہی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے صحت کے تحفظ کے لیے غیر قانونی ادویات کی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور جعلی مصنوعات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک یا غیر معیاری ادویات کے بارے میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ صحت کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
گرفتار شدگان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
