پشاور تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ (FA/FSc) سال 2025 کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال مجموعی طور پر 62 ہزار 322 طلبہ و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 44 ہزار 902 کامیاب قرار پائے۔ یوں پاس ہونے کا تناسب 72 فیصد رہا۔
مختلف گروپس میں کامیابی کی شرح:
- میڈیکل گروپ: 33,317 امیدواروں میں سے 25,794 کامیاب، کامیابی کا تناسب 77 فیصد
- انجینئرنگ گروپ: 3,586 امیدواروں میں سے 2,103 کامیاب، کامیابی کا تناسب 59 فیصد
- ہیومینٹیز گروپ: 14,893 امیدواروں میں سے 11,603 کامیاب، کامیابی کا تناسب 78 فیصد
- کمپیوٹر سائنس گروپ: 10,526 امیدواروں میں سے 5,402 کامیاب، کامیابی کا تناسب 51 فیصد
پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب
پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ تعلیمی نظام میں بہتری اور شفافیت لائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ”ہم نے اس سال سرکاری اور نجی کالجز کے امتحانی ہال یکجا کیے، شفافیت کے لیے اقدامات کیے گئے، اور نتائج حوصلہ افزا رہے۔”
فیصل ترکئی نے مزید کہا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم کے نظام میں شامل کرنے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ رواں سال تعلیم کے لیے 364 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے تعلیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔