آڈٹ رپورٹ پرویز الٰہی اور بزدار کے دور کی ہے، صفحہ 87 اور 96 پڑھ لیں،عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ بخاری نے سابق وزرائے اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور عثمان بزدار کے ادوار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ آڈٹ رپورٹ میں جتنی بھی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، وہ انہی ادوار کی پیداوار ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے صفحہ نمبر 87 اور 96 پڑھ لیں، شاید تھوڑی سی شرم آ جائے۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو لوگ آج حکومتی پالیسیوں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، وہ خود اپنے ماضی کے احتساب سے فرار چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بزدار اور پرویز الٰہی کے دور حکومت میں عوامی فلاح کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی، اور اربوں روپے کے فنڈز کا غیر شفاف استعمال ہوا۔

latest urdu news

آڈٹ رپورٹ کسی سیاسی جماعت کی پریس ریلیز نہیں، بلکہ آزاد اور خودمختار ادارے کی دستاویزی شہادت ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ فنڈز کا غلط استعمال، بغیر منظوری کے اخراجات اور بےقاعدگیاں انہی ادوار میں ہوئیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب جب حقائق سامنے آ چکے ہیں تو تحریک انصاف کے رہنما مؤقف بدلنے کے بجائے ان الزامات کا جواب دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آڈٹ رپورٹ پر سنجیدہ قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سابق حکومتی کردار کو بے نقاب کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں جاری ہونے والی ایک سرکاری آڈٹ رپورٹ میں پنجاب حکومت کے سابق ادوار کے دوران اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جس پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سیاسی مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter