شہداء کو "ہلاک” کہنا ممنوع قرار ، پیمرا کی میڈیا کو واضح ہدایت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور ہائی کورٹ میں کیس کے دوران پیمرا نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہداء کے لیے "ہلاک” کی جگہ "شہید” کا لفظ استعمال کیا جائے۔

پشاور، پشاور ہائی کورٹ میں ایک اہم آئینی معاملے پر پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے میڈیا میں "ہلاک” کا لفظ استعمال کرنے پر اعتراض اُٹھایا گیا۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عدالت میں باقاعدہ جواب جمع کراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میڈیا کو ہدایت جاری کی جا چکی ہے کہ آئندہ شہداء کے لیے صرف "شہید” کا لفظ استعمال کیا جائے گا۔

latest urdu news

یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب معروف وکیل حمدان ایڈووکیٹ نے پشاور ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جب وطن کے تحفظ میں اپنی جانیں قربان کرتے ہیں تو انہیں شہید کہا جانا چاہیے۔ درخواست میں کہا گیا کہ میڈیا کی جانب سے انہیں "ہلاک” کہنا نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ شہداء کے مقام و مرتبے کے بھی خلاف ہے۔

پیمرا نے اپنے تحریری جواب میں عدالت کو بتایا کہ اس نے پہلے ہی ایک اعلامیہ جاری کر کے تمام الیکٹرانک میڈیا چینلز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی خبروں میں "ہلاک” کے بجائے "شہید” کا لفظ استعمال کریں، اور اس پالیسی پر آئندہ بھی سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

عدالت نے پیمرا کے جواب کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے درخواست پر آئندہ سماعت کے دوران مزید دلائل طلب کر لیے ہیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے بھی ریمارکس دیے کہ شہداء کا احترام قومی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے، اور میڈیا کا کردار اس حوالے سے نہایت حساس ہونا چاہیے۔

قانونی اور عوامی حلقوں کی جانب سے پیمرا کے اس مؤقف کو بھرپور سراہا جا رہا ہے، اور اسے شہداء کے وقار، عزت اور قومی جذبے کی مثبت ترجمانی قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کو ان کے مقام کے مطابق خراجِ تحسین دینا قومی ذمہ داری ہے۔

یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں دائر اس درخواست کا مقصد شہداء کے لیے مناسب الفاظ کے انتخاب کو یقینی بنانا ہے تاکہ ان کی قربانیوں کو مناسب عزت دی جا سکے۔ اس کیس کا آئندہ سماعت میں قانونی و اخلاقی دلائل کے تناظر میں مزید جائزہ لیا جائے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter