لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 27 مئی سے 31 مئی کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ موسمی سلسلہ پنجاب بھر میں شدید موسمی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی 27 سے 30 مئی کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بارش کے سلسلے سے صوبے میں جاری شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔
پی ڈی ایم اے نے اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیوسٹاک کے محکموں کو بھی پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی یا طوفانی موسم کی صورت میں محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے نہ جائیں۔
کسی بھی ہنگامی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔