158   
 پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمے کے مطابق یہ سلسلہ 5 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔
متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 