اسلام آباد: پاکستان میں پاسپورٹ درخواست کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے ایک نئی آن لائن سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نادرا کے تعاون سے نیا آن لائن پاسپورٹ تصدیقی نظام متعارف کروایا ہے، جس سے درخواست دہندگان کو درپیش تکنیکی مشکلات کم ہو جائیں گی۔
حکام کے مطابق اس نئے نظام کے تحت آن لائن پاسپورٹ درخواست دیتے وقت فنگر پرنٹس کی تصدیق میں پیش آنے والا دیرینہ تکنیکی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔ اب شہری نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے باآسانی اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔
حکام نے بتایا کہ جہاں فنگر پرنٹ کی تصدیق ممکن نہ ہو، وہاں متبادل کے طور پر چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ کسی بھی شہری کی درخواست تکنیکی رکاوٹ کی وجہ سے مسترد نہ ہو۔
پاکستانی پاسپورٹ دنیا کے 100 بہترین پاسپورٹس میں شامل
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی کا کہنا ہے کہ ادارہ شہریوں کو جدید اور سہل خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید شفاف، تیز اور قابلِ اعتماد بنایا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نئے آن لائن تصدیقی نظام سے خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں اور بزرگ شہریوں کو بڑا فائدہ ہوگا، جنہیں پہلے فنگر پرنٹس کی آن لائن تصدیق میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئی سہولت سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بھی نجات ملے گی۔
