شہر کراچی کی 106 سڑکوں میں سے 32 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کر دی گئی، مختلف اضلاع میں شہریوں کو پارکنگ کی مفت سہولت ملے گی
کراچی کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی 106 مرکزی سڑکوں میں سے 32 پر پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق مختلف اضلاع میں متعدد مقامات پر پارکنگ مفت فراہم کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع جنوبی میں 3، ضلع کیماڑی میں 2، ضلع وسطی میں 5، ملیر اور کورنگی میں 7، جبکہ ضلع شرقی میں 15 مقامات پر پارکنگ فری کر دی گئی ہے۔
یہ سہولت مخصوص سڑکوں اور مارکیٹوں تک محدود ہے جن میں جیلانی سینٹر موبائل مارکیٹ، ناز پلازہ سے آمنہ ٹاور ایم اے جناح روڈ، کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور، شارجہ مال سے کوہ نور ہال حب ریور روڈ، اور کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ ایم اے جناح روڈ شامل ہیں۔
ضلع وسطی میں بھی عوام کو بڑی سہولت دیتے ہوئے ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ تا لیاقت آباد نمبر 10 ایس ایم توفیق روڈ، چیز سپر اسٹور شاہراہِ پاکستان، سینٹرم شاپنگ مال راشد منہاس روڈ، کفایہ اور اومیگا مال نارتھ کراچی پر پارکنگ کی مکمل مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی کی 11 وال باؤنڈری پارکنگ سائٹس پر مقررہ فیس بدستور نافذ العمل رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ان مقامات پر ہی مفت پارکنگ کی توقع رکھیں جن کا ذکر نوٹیفکیشن میں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے کراچی میں پارکنگ مافیا کی جانب سے زائد فیس لینے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جس کے بعد شہر کی انتظامیہ نے پارکنگ نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے۔ اس فیصلے سے نہ صرف شہریوں کو مالی سہولت حاصل ہوگی بلکہ غیر قانونی پارکنگ چارجز پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔