کراچی کی بندرگاہ پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز کامیابی سے لنگر انداز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کی بندرگاہ پر پاکستان کی بحری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا، جہاں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مال بردار کنٹینر جہاز "ایم ایس سی مِکول” کامیابی سے لنگر انداز ہو گیا ہے۔ یہ تاریخی لمحہ ہچیسن پورٹس پاکستان کے گہرے پانیوں والے جدید کنٹینر ٹرمینل پر پیش آیا، جو ملک کا واحد ٹرمینل ہے جو اس حجم کے جہازوں کو سنبھال سکتا ہے۔

latest urdu news

"ایم ایس سی مِکول” دنیا کے جدید ترین اور بڑے مال بردار جہازوں میں سے ایک ہے، جس کی لمبائی 400 میٹر اور گنجائش 24,070 ٹی ای یو (Twenty-foot Equivalent Unit) ہے۔ یہ جہاز پاکستان میں اب تک آنے والا سب سے بڑا کنٹینر بردار جہاز ہے، جس کی کامیاب برتھنگ ملک کی بندرگاہی صلاحیتوں اور آپریشنل مہارتوں کا عملی ثبوت ہے۔

ہچیسن پورٹس پاکستان نے اس کامیابی کو پاکستان کی معاشی ترقی اور عالمی تجارت میں اس کے کردار کی مضبوطی کی علامت قرار دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے جہازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت نہ صرف فریٹ لاگت میں کمی لاتی ہے بلکہ برآمدات کو مزید مسابقتی اور درآمدات کو مؤثر بناتی ہے، جو معیشت پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔

اس جدید جہاز کی آمد سے عالمی شپنگ لائنز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہیں۔ ہچیسن پورٹس پاکستان جدید ٹیکنالوجی، آلات، اور پائیدار طریقہ کار کے ساتھ ملک کے لاجسٹک نیٹ ورک کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان کے تجارتی تعلقات کو نہ صرف ایشیا بلکہ یورپ اور دیگر عالمی منڈیوں کے ساتھ بھی مزید مستحکم کرے گی، جس سے قومی معیشت کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter