جمعہ, 25 اپریل , 2025

پاکستانی فضائی حدود کی بندش؛ بھارتی ایئر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان، متبادل راستے اپنانے پر مجبور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کو شدید دھچکا لگ گیا۔

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے بعد بھارتی ایئر لائنز کو شدید مالی اور عملی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارت سے یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطیٰ جانے والی پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث ایندھن کی کھپت اور اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

latest urdu news

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق یہ پابندی تمام بھارتی ایئر لائنز اور ان کے زیرِ استعمال لیز شدہ طیاروں پر لاگو ہوگی۔ پابندی کا اطلاق بھارتی ملٹری طیاروں پر بھی ہوگا۔ روزانہ تقریباً 70 سے 100 بھارتی پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں، جو اب متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔

حالیہ صورتحال کے باعث دہلی سے باکو اور تبلیسی جانے والی پروازوں کا دورانیہ 90 منٹ تک بڑھ گیا ہے، جبکہ دہلی سے الماتا سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔ بھارتی ایئر لائنز کو ممبئی، دہلی، لکھنؤ، احمد آباد اور گوا جانے والی پروازوں کے لیے اب بحیرہ عرب کے اوپر سے طویل راستہ اپنانا پڑے گا، جس کے نتیجے میں یومیہ کروڑوں روپے کا اضافی ایندھن خرچ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، فضائی روٹس میں تبدیلی کے سبب نہ صرف آپریشنل لاگت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ایئر ٹکٹوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، جو مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈالے گی۔ ایئر انڈیا، انڈیگو، اور اسپائس جیٹ جیسی بڑی بھارتی ایئر لائنز کے لیے یہ صورت حال خاصی پریشان کن ثابت ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں بالاکوٹ حملے کے بعد پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو 700 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔ ایک بار پھر ایسی ہی صورتحال سامنے آ رہی ہے، جس کا سب سے بڑا بوجھ بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب، دیگر بین الاقوامی ایئر لائنز جن کی پروازیں پاکستان سے ہو کر گزرتی ہیں، بدستور اپنے معمول کے مطابق آپریٹ کر رہی ہیں، جس سے انہیں بھارت کی بندش کا فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter