کوئٹہ، بلوچستان کے باشعور قبائل نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ریلی نکالی اور دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر متحد ہے۔
ریلی میں شریک قبائل کی جانب سے پہلگام میں ہونے والے مبینہ فالز فلیگ آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
غیور قبائل نے بھارت اور اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرے بازی کر کے دشمن کے مذموم عزائم کو مسترد کر دیا۔
متحدہ قبائل کے رہنما امان اللہ کاکڑ نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام میں رچایا گیا ڈرامہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، ہم اس کے ساتھ ساتھ بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف بھی صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بلوچستان سے قبائلی عوام کا اس نوعیت کا یکجہتی پر مبنی قدم قومی وحدت کی علامت اور حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
دوسری جانب پہلگام میں پیش آنے والے مشکوک حملے پر بھارت کے اندر سے ہی سخت آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
عوام اور ماہرین کی جانب سے اس واقعے کو ایک منظم فالز فلیگ آپریشن قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا اور سیاسی مفادات حاصل کرنا بتایا گیا ہے۔
بھارتی شہری میناکشی بالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ مودی سرکار کی ایک سوچی سمجھی سازش معلوم ہوتا ہے، جس کے پیچھے بہار میں متوقع انتخابات کے سیاسی مقاصد چھپے ہیں۔