کراچی، اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ دنیا میں رہنے کے لیے سب سے بہترین شہر کون سا ہے، تو تازہ عالمی رپورٹ کے مطابق اس بار یہ اعزاز یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کو حاصل ہوا ہے، جس نے تین برس تک مسلسل سرفہرست رہنے والے آسٹریا کے شہر ویانا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ (EIU) کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی سالانہ رپورٹ میں دنیا کے 173 شہروں کو استحکام، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور ماحولیات جیسے عناصر کی بنیاد پر درجہ بندی کا حصہ بنایا گیا۔ اس فہرست میں کوپن ہیگن نے استحکام، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے میں بہترین اسکور حاصل کرتے ہوئے پہلا نمبر حاصل کیا۔
دوسرے نمبر پر آسٹریا کا دارالحکومت ویانا اور سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ مشترکہ طور پر رہے، جبکہ آسٹریلیا کا شہر میلبرن چوتھے اور سوئس شہر جنیوا پانچویں نمبر پر رہا۔ آسٹریلیا کے دیگر دو شہر سڈنی اور ایڈیلیڈ بالترتیب چھٹے اور نویں نمبر پر رہے۔
جاپان کا شہر اوساکا اور نیوزی لینڈ کا آک لینڈ مشترکہ طور پر ساتویں نمبر پر آئے، جبکہ کینیڈا کا شہر وینکوور اس فہرست میں دسویں نمبر پر رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ 10 میں ایشیا کا واحد شہر جاپان کا اوساکا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ ایشیائی خطہ اب بھی رہائش کے عالمی معیار پر مکمل طور پر پورا نہیں اترتا۔

دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر کا تاج کوپن ہیگن کے سر، کراچی 170 ویں نمبر پر
دوسری طرف اگر سب سے غیر موزوں شہروں کی بات کی جائے تو شام کا دارالحکومت دمشق 173 ویں یعنی سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔ اس کے بعد لیبیا کا تریپولی (172)، بنگلہ دیش کا ڈھاکہ (171)، پاکستان کا کراچی (170) اور الجزائر (169) شامل ہیں۔
کراچی گزشتہ برس 169 ویں نمبر پر تھا، تاہم اس سال ایک درجہ مزید تنزلی کے بعد 170 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں بنیادی سہولیات، صحت اور سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، جس سے شہریوں کا معیارِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ EIU کی یہ رپورٹ دنیا بھر کے شہریوں، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کے لیے معیارِ زندگی کے رجحانات کا ایک معتبر عالمی حوالہ سمجھی جاتی ہے، اور ہر سال اس کی بنیاد پر مختلف ترقیاتی اور پالیسی فیصلے کیے جاتے ہیں۔