اسلام آباد،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر اہم پالیسی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید کوئی کارروائی نہ کی تو پاکستان بھی تحمل کا مظاہرہ کرے گا۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہل کی، لیکن پاکستان نے وعدے کے مطابق بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت اب کوئی اقدام نہیں کرتا تو پاکستان بھی ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے خاموشی اختیار کرے گا۔
رانا ثنا اللہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے تیار ہے اور عالمی فورمز پر اپنا مؤقف پیش کرنے کو بھی مکمل طور پر تیار ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کھلی جارحیت ہیں، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اس کا بھرپور جواب دے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں میں معصوم بچے اور شہری جاں بحق ہوئے، جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نےکہا کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے کی غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے براہِ راست شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے بعد پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جواب دینے میں حق بجانب ہے۔