شہریوں کو شدید خشک سردی اور سموگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، لیکن موسمیات کے ماہرین نے خوشخبری دی ہے کہ دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں ملک میں دوبارہ بارشوں اور برفباری کے امکانات ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق، گزشتہ چند دنوں کے قابلِ اعتماد ماڈلز یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ دسمبر کے وسط کے بعد ایک کے بعد ایک مغربی ہوا کا سلسلہ پاکستان تک پہنچ سکتا ہے، جو ملک کے مختلف حصوں میں نہایت ضروری بارشیں اور برفباری لے آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 تا 20 دسمبر کے دوران ایک ملک گیر مغربی سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، تاہم یہ طویل المدت پیشگوئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
جواد میمن نے مزید کہا کہ اس موسمِ سرما کے آغاز سے ہی لا نینیا پیٹرن کی وجہ سے بارشیں معمول سے کم رہی ہیں، لیکن دسمبر کے وسط تک یہ پیٹرن کمزور ہونا شروع ہو جائے گا جس سے دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ پیشگوئی قطعی نہیں بلکہ ایک ممکنہ صورتحال ہے، اور سب کچھ اللہ کے حکم اور علم میں ہے۔
خیبر پختونخوا میں موسمِ سرما کی پہلی بڑی بارشوں کی پیشگوئی
ماہرین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خشک سالی اور سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور خشک علاقوں میں بارش کے امکانات کو رحمت سمجھ کر خیرات اور دعائیں جاری رکھیں۔ یاد رہے کہ نومبر 2025 میں ملک میں بارشیں معمول سے تقریباً 72 فیصد کم ریکارڈ کی گئی تھیں، جس کے باعث کئی علاقوں میں خشک سالی اور پانی کی کمی شدید رہی۔
اس وقت موسمیاتی ماہرین ملک بھر میں حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ دنوں میں ہونے والی موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے عوام کو بروقت آگاہ کرتے رہیں گے۔
