پاکستان امریکا سے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیو یارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعلقات چاہتا ہے، تاہم ان تعلقات کو پاکستان اور چین کی شراکت داری کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا اور معاشی استحکام لایا گیا ہے۔ ان کے مطابق، تین سال کے عرصے میں معاشی اشاریوں میں بہتری آئی، جی ڈی پی گروتھ بہتر ہوئی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

latest urdu news

اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف پاکستان کو مستقبل میں جی-20 ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد ایک مشکل لیکن قومی مفاد میں کیا گیا فیصلہ تھا۔ اگر پی ٹی آئی کی حکومت چھ ماہ مزید رہتی تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔ موجودہ حکومت نے ڈیفالٹ کے خطرے کو مکمل طور پر دفن کر دیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ نو سال بعد پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کو بتایا کہ پاکستان، امریکا سے تعلقات کو پاک-چین دوستی کے تناظر میں دیکھنے کی سوچ درست نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دنیا میں تنازعات کے پُرامن حل کا خواہاں ہے اور امن، استحکام اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے افغانستان سے متعلق گفتگو میں کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، اور ہم افغانستان کی ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا۔ پَہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا مؤثر جواب دیا گیا، اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے جواب میں بھارت کے لیے فضائی حدود بند کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو عالمی تحقیقات کی پیشکش کی اور دنیا بھر میں بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، تاہم بھارت کی بوکھلاہٹ ابھی تک برقرار ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter